وزیراعظم نے مسلم امہ کی ترجمانی کا حق اداکر دیا، بھرپور انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

201

اسلام آباد ، 27 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی  معاون خصوصی برائے  اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں بھرپور انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا اور مسلم امہ کی ترجمانی کا حق ادا کیا  ،عمران خان پوری امت مسلمہ کے لیڈر بن کر سامنے آئے ہیں۔

جمعہ کو  سیکٹر ایف سکس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم کا خطاب سننے کے لئے بڑی سکرین کا اہتمام کیا گیا جہاں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی شہریوں کے ہمراہ وزیراعظم کا خطاب سنا۔اقوام متحدہ کی جنرل سمبلی سے وزیراعظم کا خطاب ختم ہونے کے فوری بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں دوٹوک انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔عمران خان پوری امت مسلمہ کے لیڈر بن کر سامنے آئے ہیں انہوں نے دنیا کو پیغام دیا ہے حق باطل کے سامنے سرنگوں نہیں ہوتا، اقوام متحدہ کو بھی باور کرایا کہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے دنیا کے سامنے نیا بیانیہ ابھر کر سامنے آیا  ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ پاکستان کا کشمیر کے ساتھ رشتہ کیا ہے اور ہندوستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیسے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد