وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی صفائی مہم و دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

171

کراچی، 08 ستمبر ( اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس  منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 اجلاس میں   ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائیزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک نے کلین کراچی مہم میں اب تک کی پیش رفت پر شرکاء کو بریف کیا۔ اس موقع پر  وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا معاشی حب  ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے۔ ماضی کی بد انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی قلت سے لیکر کراچی کی عوام کی زندگیوں کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔ کراچی کی عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے۔ وفاقی حکومت  چاہتی ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ وہاں کی عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔

 عمران خان کا مزید کہناتھا کہ  عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وفاقی حکومت ہر ممکن کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے  کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وفاقی حکومت کی جانب سے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے وزیرِ قانون  ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی وزیرِ قانون، وزیرِ بحری امور، وزیرِ منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو او و دیگر ممبران پر مشتمل ہوگی ۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کومجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں سفارشات  جلد از جلدپیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، سید علی حیدر زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، ممبر قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی،  ممبر ان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی حلیم عادل صدیقی، ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائیزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک  اور سینئر افسران  نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، کراچی