ٹریفک کے بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد ایکسپریس وے پر انڈر پاس اور پُل تعمیر کرنے کا فیصلہ

260

اسلام آباد 26ستمبر( اے پی پی ):سی ڈی اےنے اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پر پی ڈبلیو ڈی پر انڈر پاس اور کورنگ کے مقام پر پُل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے   ۔

اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت منظور کیا گیا تھا تاہم اسے رواں مالی سال میں اس منصوبے کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے نے 1.5 بلین روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ رقم سی ڈی اے کے مختلف مد میں اٹھنے والے اخراجات میں بچت کر کے اسلام آباد کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے استعمال میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے شہر میں وسیع پیمانے پر ترقیاتی سر گرمیوں کے شروع کرنے کے علاوہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو تنخواہ کی مد میں ایک خطیر رقم دینے کے باوجود اسلام آباد ہائی وے کے اس اہم منصوبے کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔

یہ پل اور انڈر پاس سی ڈی اے اپنے وسائل سے تعمیر کرے گا تاکہ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور مسائل کو کم کیا جا سکے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کے دونوں اطراف بڑھتی ہوئی آبادی اور تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے سگنل فری کوریڈور کا باقی ماندہ کام وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کے لیے پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت فنڈز مختص کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے اور آئی جی اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے قبل پروٹیکٹیڈ یو ٹرن جیسے شارٹ ٹرم اقدامات کی بجائے اس شاہراہ کو استعمال کرنے والوں کی سہولت کے لیے اس منصوبے کو اس کی پلاننگ کے مطابق ہی مکمل کیا جائے۔

مزید برآں متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فنانس اور پلاننگ کمیشن سے اس منصوبے کو اپنے وسائل سے مکمل کرنے کی اجازت طلب کریں۔ اس ضمن میں توقع ہے کہ رواں ہفتہ کے آخر تک حکومت کی طرف سے اجازت مل جائے گی جس کے بعد اگلے ہفتے اس منصوبے کے ترقیاتی کام کے لیے ٹینڈر جاری کر دیئے جائیں گے۔

وی این ایس اسلام آباد