پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اکاونٹس، فیفا کی پانچ رکنی نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کردئیے گئے

269

لاہور، ستمبر 27(اے پی پی): پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اکاونٹس اور ہیڈکوارٹرز،  فیفا کی پانچ رکنی نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کردئیے گئے۔  فیفا فٹبال ہاؤس میں اپنی الوداعی پریس کانفرنس میں  سابق صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن سید اشفاق حسین کا کہنا تھا کہ جب فٹبال  فیڈریشن کے معاملات سنبھالے تو سترہ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کے اکاونٹس ملے تھے ۔ نو ماہ میں  ہم نے اپنی ٹیموں کو باہر بھیجا ، مختلف کیمپ لگائے اور کھیل کے فروغ کے لیے کام کیے۔ اب فیفا کی جانب سے مقرر کی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو  پندرہ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کا چیک دے کر واپس جارہے ہیں۔سابق صدر اشفاق حسین نے نارملائزیشن کمیٹی کو خوش آئند قرار دیتے ہوے کہا کہ یقین ہے کہ یہ لوگ طے شدہ پلان کے تحت نوماہ میں ضلعی، صوبائی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کی سطح پر شفاف انتخابات کروا کر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔  نائب صدر عامر ڈوگر نے کہا کہ اس نارملائزیش کمیٹی کے ذریعے پاکستان پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں ان کا گروپ انتخابات میں ضرور حصہ لے گا۔

 وی این ایس، لاہور