اسلام آباد ، 11 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔ چین نے کشمیر کو تاریخ کا متنازعہ مقدمہ قرار دے کر بھارتی موقف مسترد کردیا ہے ۔سلامتی کونسل کے مستقل رکن کا یہ اصولی موقف مقبوضہ جموں کشمیر کی عوام کے لئے مکمل یکجہتی کا اظہار ہے۔ یہ آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معاون خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو کو دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا، بھارتی افواج انسانیت کی تذلیل کر رہی ہیں جبکہ کشمیریوں کا کاروبار زندگی بھی مفلوج ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت پر ہم چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وی این ایس ، اسلام آباد











