وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ملاقات

157

لاہور،8 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ کشمیر کا سفیر بن کر موثر انداز میں لڑا ہے۔

مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر میں ا نسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں عبورکرلی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری کو ظالم کا ہاتھ روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کوکشمیر کو زمین کا خطہ نہیں بلکہ انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا بلاامتیاز احتساب پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قومی وسائل کے غلط استعمال کی سابقہ روایت کو ختم کردیا ہے۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے، ہرشعبہ ہائے زندگی میں بہتری لائیں گے۔احساس کا جذبہ عام کرنا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو ریلیف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے موثر قانون سازی پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مختلف شعبوں میں اصلاحات سے نادار طبقے کو سماجی تحفظ حاصل ہوگا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرۂ امتیازہے۔اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا، عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے سیالکوٹ میں تعلیم، صحت اوردیگر جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

وی این ایس، لاہور