پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

165

اسلام آباد ، 10 اکتوبر (اے پی پی ): پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، برطانوی شاہی جوڑے کی دورہ ء پاکستان پر متوقع آمد و دیگر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  5 اگست سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو لگا کر 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ۔انہوں نے کہا  کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور بلاجواز کرفیو کے فل الفور خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا  جبکہ  فریقین نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی  اتفاق  کیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے، شہزادہ ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔  پاکستانیوں کے دلوں میں برطانوی شاہی خانوادے کی بہت تکریم ہے ، شاہی جوڑے کے دورہ ء پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر خصوصی انتظامات کئے جائیں

گے ۔انہوں نے بتایا  کہ 2006میں   جب شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال پاکستان آئے تو ان کا  بھی فقیدالمثال استقبال کیا گیا  تھا۔

وی این ایس ، اسلام آباد