کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے مسائل حل کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  

248

اسلام آباد ، 17 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  ہے کہ  قوم  کے  نوجوانوں کی معاشی فلاح، ترقی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے کے لیے  کامیاب جوان پروگرام کا آج آغاز کیا جارہا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار اور دیگر مسائل حل کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب  سائٹ   ٹویٹر  پر  معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوان استحصالی نظام کے خلاف عمران خان کا ہراول دستہ بن کر ابھرے اور قریہ قریہ نگرنگر تبدیلی کا پیغام پہنچایا۔  کامیاب  جوان  پروگرام  کے تحت  نوجوانوں کو بلاسود اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  کہ  خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے 25 فیصد کوٹہ بھی شامل ہے کیونکہ خواتین کو طاقتور اور بااختیار بنا کر ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے میں لانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔

وی این ایس ، اسلام  آباد

Download video