معیشت کے استحکام کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہونگی : وزیر خارجہ   شاہ محمود  قریشی

217

اسلام آباد ، 28 نومبر ( اے پی پی ):وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں مشترکہ طور پر معاشی استحکام کیلئے کاوشیں کرنا ہو گی ، ہمارے سفراء کی کاوشیں اس وقت بارآور ثابت ہونگی جب تمام اسٹیک ہولڈرز قومی جذبے کے ساتھ اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لائیں گے ۔

وزارت خارجہ میں جاری دو روزہ افریقی ممالک کے سفراء  کانفرنس کے دوسرے روز کے ابتدائی سیشن کے آغاز کے موقع پر وزیر خارجہ نے یقین دلایا  کہ وزارت خارجہ وزارت تجارت کے ساتھ ان طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی ۔

اس موقع   پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے  کہاکہ ہمارا ہدف آئندہ پانچ سالوں میں افریقہ کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو دوگنا کرنا ہے ۔ ہمیں آزادانہ تجارت کے معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقہ 54 ممالک پر مشتمل دوسرا بڑا براعظم ہے جس کی جی ڈی پی آنے والے سالوں میں 29ٹریلین تک بڑھ جائے گی ،ہمیں ہمسائیگی میں موجود ان اہم مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تجارتی روابط کو بڑھانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا  کہ مجھے خوشی ہے کہ آج ہمارے بنانے ہوئے ٹریکٹرز بہت سے افریقی ممالک میں ایکسپورٹ کیے جا رہے ہیں ۔

اس   موقع پر اظہار  خیال کرتے  ہوئے  چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا افریقی ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں مشترکہ عملی اقدام کرنا ہو نگے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ ہماری معیشت مسلسل بہتری کی طرف جارہی ہے۔پاکستان، صنعت کاری کے حوالے سے دنیا کی تیسری کم لاگت والی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی استحکام کیلئے اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہو گا ۔افریقی مارکیٹ میں ہمارے لئے ایکسپورٹس کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔

سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا نے بھی  افریقی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کی نوعیت، تجارتی حجم اور تجارتی اعداد و شمار کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں ۔

اس سیشن میں افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خارجہ و سیکرٹری تجارت شریک ہوئے ۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download video