وزیراعظم نے نظام بدلنے کا وعدہ کیا تھا، قانون بدلیں گے تو لوگوں کے رویے بدلیں گے: فردوس عاشق اعوان

170

اسلام آباد ، 07 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے جو قوم سے وعدہ کیا تھا وہ 72 سالہ گلے سڑے نظام کے بدلنے کا ہے اس کو بدلنے کیلئے سب سے پہلے قوانین کو بدلنا ہے، موثر قانون سازی سے دور حاضر کے تقاضوں پر عمل کیا جا سکتا ہے، اپوزیشن واویلا کرنے کی بجائے جمہوری رویوں میں حکومت کا ساتھ دے، جو آج دو قانون سازیاں کی گئیں اس سے عام پاکستانی کو فائدہ ہو گا، حکومت انگریز کے قوانین کو بدل کر جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے سٹیٹس کو، کو چیلنج کیا ہے، یہ پارلیمنٹ عوام کو ریلیف دیتی رہے گی۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہروفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ریلیف اور تحفظ فراہم کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے،  اپوزیشن باہر رہ کر لعن طعن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اپوزیشن پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کے ذریعے قانون سازی میں حصہ لے اور حکومت کی مدد کرے۔

 انہوں نے کہا کہ آج  پارلیمنٹ میں دو بل پاس کئے گئے اور قانون سازی سے جڑا عمل جاری ہے، وزیراعظم نے قانون سازی کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثبت قدم  اٹھایا، بے گھر افراد کیلئے چھت فراہم کرنے کیلئے پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، 1820ءقوانین کو نئے قانون میں بدلا جا رہا ہے، اس قانون سازی کے حوالہ سے حکومت پرعزم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہتان اور الزام تراشی مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے، ان کے نصیب میں آہو پکار اور میڈیا کے ذریعے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مولانا فضل الرحمن کو ورغلا کر لائے تھے وہ جائیں اور ان کی دادرسی کریں، وزیراعظم کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے ہر شہری کی مدد کریں، خراب موسم میں ان کے لیڈران بستروں پر آرام کر رہے تھے، وزیراعظم نے سی ڈی اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ دھرنے کے شرکاءکا حال احوال پوچھیں اور ان کو سہولیات فراہم کریں۔

 انہوں نے کہا کہ تحفظ اور سلامتی ان کا بنیادی حق ہے، جن لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں آیا کہ ان کے لواحقین کس پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، سردی میں یہ متاثر ہوئے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ مولانا کو کنٹینر پر اکیلے کیوں چھوڑ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزادی مارچ دھرنے میں بے حال مایوس لوگوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے ضرور جائیں۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بنیادی مقصد انسانیت کا احساس اور سہولتیں دینا ہے، قانون سازی کے ذریعے غریب کی قانونی معاونت کیلئے مربوط نظام بنایا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے اصلاحات کے عمل کیلئے اراکین قومی اسمبلی نے تعاون کیا، سب سے پہلے آج کیلئے جو ایجنڈا رکھا گیا اتحادیوں سے ایک ایک شق پر بات ہوئی اس لئے اجلاس بلایا، اکثریت نے حق کیلئے تعاون کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد