وزیراعظم ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم رہے ہیں: ڈاکٹر فردوس کاکرتارپور راہداری کے حوالے سے گیت کے اجراءکی تقریب سے خطاب

146

اسلام آباد ، 4 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم رہے ہیں، کرتارپور راہداری سے نہ صرف مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود سکھوں کے لئے دو سوچوں کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں  نے  پیر کو کرتارپور راہداری کے حوالے سے گیت کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ آپ سب لوگ پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔ قومی کاز کے لئے اپنا سکھ چین اور آرام قربان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی مناسبت سے سکھ برادری کے خیر مقدم کے لئے گیت جاری کیا گیا ہے۔ یہ ایک نغمہ نہیں بلکہ سریلے اور میٹھے سر ہیں جو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ ‘ محبت’ امن اور بھائی چارے کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے تناظر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں۔ کرتارپور راہداری وزیراعظم کی اقلیتوں کے لئے سوچ’ وژن ‘ جذبات اور احساسات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری سکھ برادری کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ ہم ان کا کھلے دل سے خیرمقدم کر رہے ہیں۔ اس اقدام سے دنیا بھر میں اسلام کا حقیقی، ترقی پسند اور پرامن تشخص اجاگر ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستان کے بسنے والے عوام کی ذہنیت کی عکاسی بھی ہوتی ہے کہ وہ کس طرح اپنی دھرتی پر اپنے اقلیتی بھائیوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو بنیادی حقوق کا تحفظ حاصل ہے۔ ان کو ان کے عقیدے اور مذہب کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک سال قبل کرتار پور راہداری کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم وعدے کے مطابق9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری سے روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نغمہ 22 کروڑ عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے اور یہ نغمہ دنیا بھر میں موجود سکھوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں کے لئے مکہ مکرمہ اور حرمین الشریفین کی حیثیت ہے اور سعودی عرب کے ہمسایہ ممالک یا مسلمان ممالک کے ساتھ جیسے تعلقات ہوں لیکن سعودی عرب کسی بھی ملک پر اپنے دروازے بند نہیں کرتا۔ اسی طرح سکھ برادری کے لئے بابا گرونانک بھی مقدس ہے۔ ہم سکھ برادری کو خوش آمدید کہیں گے اور ان پر اپنے دروازے کبھی بند نہیں کریں گے۔

تقریب میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین اور وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد

 

Download Video