وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی ملاقات

126

اسلام آباد ، 20 نومبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ مخدوم خسرو بختیار نے بدھ کو وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی۔  وزیرِ اعظم نے مخدوم خسرو بختیار کی بطور وزیرِ منصوبہ بندی اور خصوصاً سی پیک منصوبے کا نیا فیز شروع کرنے اور جاری منصوبوں میں پیش رفت کی رفتار کو تیز کرنے اور انہیں عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت میں زراعت کی اہمیت کے پیش نظر انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ زراعت کے شعبے میں ترقی کا عمل تیز ہو۔ زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی جی ڈی پی میں زراعت کے شعبے کا حصہ اورملکی ورک فورس کا پچاس فیصد حصے کا اس شعبے سے وابستہ ہونا زراعت کی ملکی معیشت میں اہمیت کا عکاس ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سی پیک میں شامل کیے جانے کے بعد زراعت کے شعبے میں چینی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرایا جائے،نئے طریقہ کار اختیار کیے جائیں تاکہ زرعی شعبے میں ملکی پیداوار کو بڑھایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ مخدوم خسرو بختیار زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے اپنی توانائیاں بھرپور طریقے سے بروے کار لائیں گے۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video