وزیر اعظم پاکستان نے انسانیت کے ناطے  نواز شریف  کی صحت کو ترجیح دی ہے  : فردوس عاشق اعوان  

183

اسلام آباد ، 14 نومبر (اے پی پی ):وزیر اعظم کی  معاون  خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے  کہ وزیراعظم عمران خان نے تباہ حال معیشت کو مستحکم کیا  ہے ۔ عوام ملکی ترقی کے سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دینگے ۔ تمام تر سیاسی اختلاف ہونے کےباوجود وزیر اعظم پاکستان نے انسانیت کے ناطے  سابق  وزیر اعظم نواز شریف  کی صحت کو ترجیح دی ہے  ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی  نے کہاحکومت نے  ای  سی ایل کے قوانین سے بھی بڑھ کر میاں صاحب کوملک سے  باہر جانے کی اجازت دی ہے ۔ انہوں نے کہا  کہ  ہم میاں صاحب کی   صحت پر کوئی سیاست نہیں کر رہے، سیاست ہوتی رہے گی تا ہم انسانی جان زیادہ قیمتی ہے  لیکن ان کے  ترجمانوں  کی فوج دن رات  ان کی صحت  پر سیاست  کر رہی ہے ۔   انکے  لواحقین  کو علاج  کے لیے مہیا  سہولیات  سے فائدہ اٹھانا  چاہیے ۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ   شورٹی بانڈز  کا مقصد ایک قانونی تقاضا ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ بانڈز میں کیش رقم کا تقاضا نہیں کیا گیا جبکہ  قانون کے مطابق واپسی کی گارنٹی مانگی گئی تھی ۔

   ڈاکٹر فردوس  عاشق   اعوان    نے  مولانا  پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  ان کا  پلان بی بھی پلان اے کی طرح ناکام و نا مراد ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید  کہا کہ مولانا کے لیے دعا گو ہوں کہ ان کو اللہ  پاکستان کی بہتری کے لیے فیصلہ کرنے کی توفیق دے۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download video