اسلام آباد ، 25 نومبر (اے پی پی): ہالینڈ کی ملکہ میکسیمہ پاکستان آنے کے بعد پیر کو وزارت خارجہ پہنچ گئیں ،ان کی آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ملکہ میکسیمہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان میں عوام کی اقتصادی بحالی اور سماجی معاشی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت ایک پرامن ملک کے طور پر ہو رہی ہے، برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے بعد ہالینڈ کی ملکہ میکسیمہ کی پاکستان آمد پاکستان کے مثبت تشخص کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہالینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔ اس موقع پر فریقین نے قابل تجدید توانائی، زراعت اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقتصادی اور ثقافتی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر دنیا کی توجہ پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر مواقع کی طرف دلا رہے ہیں، ہماری حکومت سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے یورپ میں اسلامو فوبیا اور مذہبی منافرت کے حالیہ واقعات پر پاکستان کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا، ان واقعات سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔
ہالینڈ کی ملکہ میکسیمہ نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں دیرپا اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ ملکہ میکسیمہپاکستان کا تین روزہ دورہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی برائے اقتصادی ترقی کے طور پر کر رہی ہیں۔
وی این ایس، اسلام آباد