ارکان پارلیمنٹ بچوں کے حقوق کے تحفظ اورتشدد کی روک تھام  کیلئے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں؛صدر مملکت

162

اسلام آباد، 12 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان پر تشدد کی روک تھام کے لئے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، اس حوالے سے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ریاست کیِ بنیادی ذمہ داری امیروں سے ٹیکس وصول کر کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود پرخرچ کرنا ہے۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے جمعرات کو بین الاقوامی انسانی اور بچوں کے حقوق کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تمام انسانوں میں کچھ جذبات اور صلاحتیں یکساں ہوتی ہیں، بچوں کا جسمانی، جنسی اور معاشی استحصال انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی عزت، ان کا تحفظ اور اس کی صلاحیت کے مطابق اسے ماحول فراہم کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کا مزدوری اور جنسی استحصال کیا جاتا ہے۔ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد میں مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں پراعتماد پیدا کریں تاکہ وہ انہیں اپنے تمام مسائل سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے کمیونٹی کی سطح پر حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ مساجد کے ذریعے کمیونٹی میں اس حوالے سے آگاہی پید اکی جاسکتی ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں دوسروں کے بچوں کا بھی اپنے بچوں کی طرح خیال رکھنا اور ان کا درد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بچے خود بھی آزاد ہیں اور ان کے خیالات بھی آزاد ہیں تاہم مقبوضہ کشمیر کی حالت زار دیکھ کر دکھ اور افسوس ہوتا ہے۔ بھارتی فورسز پیلٹ گنز کے ذریعے بچوں کو نابینا کررہی ہیں۔ ایک ہزار افراد شہید ہوئے ہیں۔ مائیں بیوہ اور بچے یتیم ہوئے ہیں۔ ان مظالم کو بھی اجاگر کرنا انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے وزارت انسانی حقوق پر زور دیا کہ وہ بچوں پر تشدد کی روک تھام اور ان کے حقوق کی فراہمی کے حوالے سے سالانہ بنیادوں پر حکمت عملی تشکیل دے اور ہر سال اس پر پیشرفت کا جائزہ لے۔

 تقریب سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری ،وفاقی سیکرٹری برائے انسانی حقوق رابعہ جویری آغا، یونیسیف کی نمائندہ عیدہ جرمہ میلاکو نے بھی خطاب کیا۔

وی  این ایس،  اسلام آباد

Download Video