غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیرِاعظم

119

اسلام آباد ،05 دسمبر (اے پی پی): وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، قیمتوں پر موثر کنٹرول کےلئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، پرائس کنٹرول کے حوالہ سے ہر ہفتے اجلاس کی صدارت خود کروں گا، ملکی ضروریات کے پیش نظر اشیاءضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالہ سے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے تاکہ جہاں ملکی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مطلوبہ اجناس کی کاشت کو یقینی بنایا جا سکے وہاں برآمدات اور درآمدات کے حوالہ سے بھی بروقت فیصلے لئے جا سکیں، ملاوٹ ایک سنگین مسئلہ ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مفصل ڈیٹا کی بنیاد پر ملاوٹ کا سدباب کرنے کے حوالہ سے ایکشن پلان ترتیب دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالہ سے صوبائی حکومتوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی چیف سیکرٹریز نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالہ سے وزیرِاعظم کی ہدایت کے مطابق کئے جانے والے انتظامی و دیگر اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں اشیاءضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ، منڈیوں میں اشیاءکی بولی کو شفاف بنانے کے حوالہ سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے تدارک کے حوالہ سے اقدامات، کسانوں کو اجناس کی فروخت میں سہولت فراہم کرنے کےلئے کسان مارکیٹوں کا قیام، اسلام آباد کی طرز پر منڈی سے گھرکی دہلیز تک اشیاءضروریہ کی فراہمی کا نظام متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی میں اشیاءضروریہ کی طلب و رسد کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالہ سے خصوصی سیل کا قیام شامل تھا۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، صوبائی چیف سیکرٹریز و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد