12ویں چار روزہ عالمی اردو  کانفرنس کا آغاز  5 دسمبر سے کراچی میں  ہو گا

0
116

کراچی، 03 دسمبر(اے پی پی ):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے  صدر محمد احمد شاہ نے کہا  ہے کہ  12ویں چار روزہ عالمی اردو  کانفرنس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 5 دسمبر کو کریں گے۔ اس کانفرنس میں پاکستان کی علاقائی زبانوں، سندھی، بلوچی، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اردو کے زیادہ سیشن رکھے گئے ہیں۔

منگل کو آرٹس کونسل کی احمد شاہ بلڈنگ میں حسینہ معین،نورالہدا شاہ، قدسیہ اکبر عبنر حسیب عنبرین اور گورنگ باڈی کے دیگر ممبران کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  اس کانفرنس میں دنیا بھر سے تقریباً دوسو فلسفی، محقق، ادیب، شاعر شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ گزشتہ گیارہ برسوں سے مسلسل یہ دنیا کی سب سے بڑی اُردو کانفرنس کی میزبانی کر رہے ہیں جب کہ ہر سال اس میں ترقی ہو رہی ہے اب یہ دنیا کہ ڈیڑھ سو سے زائد ممالک میں برانڈ بن چکی۔کانفرنس میں  ادب، ثقافت، موسیقی، شاعری، ڈرامہ، فلم، تعلیم، زبانوں، رقص، مصوری اور صحافت پر گفتگو کے علاوہ غالب کی ڈیڑھ سو سالہ برسی، فیض احمد فیض، جشن فہمیدہ ریاض پر اجلاس، شبنم کی باتیں اور انور مقصود دلچسپ گفتگو کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ ہم نے بلوچی، پختون، سرائیکی،پنجابی اور سندھی ادب کے ساتھ ساتھ کشمیر اور خطے میں امن کی صورتحال پر بھی اجلاس کا اضافہ کیا ہے۔ فوڈ فیسٹیول کانفرنس کی شان ہوگا جس میں مزیدار کھانے ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ  ہم نے مصوروں، شاعروں، ادیبوں اور ادب اور فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے آرٹس کونسل میں مواقع پیدا کیے اور آج آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ان تمام سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کانفرنس، موسیقی کی محفلوں، اور پروگرامز کی مدد سے ہم اپنی تہذیب و ثقافت کو محفوظ کر رہے ہیں، یہ کانفرنس اس کا ثبوت ہیں۔

وی  این ایس،  کراچی

7:40