بلوچستان پاکستان کا اہم جز ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم کا ویژن بلوچستان کو ترقی دینا ہے : فردوس عاشق اعوان

205

کوئٹہ،23جنوری (اے پی پی ): وزیراعظم  کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم  عمران خان کا ویژن بلوچستان کو ترقی دینا ہے ،بلوچستان پاکستان کا اہم جز ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،چیلنجز بڑے ہیں لیکن ہمیں پی ٹی وی کو بی بی سی کی طرز پرمتحرک بنانا ہے، پاکستان ٹیلی ویژن کو بھی دنیا کے میڈیا ہاؤسز کے ساتھ منسلک کریں گے،کارکن اور آرٹسٹ اثاثہ ہیں۔

جمعرات کو  یہاں  پاکستان  ٹیلی  ویژن اور  ریڈیو  کے دورہ کے موقع  پر پی ٹی وی بولان کے لائیو پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان کا دورہ کیا اور برفباری اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسائل کے ساتھ بلوچستان کے وسائل کو بھی دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں تاکہ انٹرنیشنل کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں اور عام آدمی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے وفاق، صوبائی حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک  پیچ  پر ہیں ،ہمیں اجتماعی حکمت عملی کے ساتھ مل کر مسائل کے حل اور ترقی کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی۔

معاون خصوصی نے پی ٹی وی کوئٹہ مرکز   کے ماسٹر کنٹرول روم سے لائیو نشریات کا جائزہ لیا اور  ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سی بی اے یونین کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی  جبکہ جنرل منیجر  پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر ایوب بابئی نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق معاون خصوصی کو بریف  بھی  کیا۔

اس سے قبل  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریڈیو پاکستان کا بھی دورہ کیا اور ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں شرکت کی  ۔ اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان سہیل جعفر نے ادارے کے مسائل اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں سے معاون خصوصی اطلاعات کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریڈیو اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔

سورس : وی این ایس ، کوئٹہ