حکومت نے پہلے دن سے ہی فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کو صنعتی قوت بنائیں گے، اس مقصد کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے: وزیراعظم عمران خان

158

اسلام آباد , 20 جنوری (اے پی پی) :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کو صنعتی قوت بنائیں گے، اس مقصد کے لیے وہ خود اور ان کی معاشی ٹیم ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے وفد کی تجویز پر ہر پیر کے دن اوپن ہاﺅس منعقد کریں اور صنعتکاروں کے مسائل خود سنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھر سے نو منتخب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ۔ وفد نے وزیر اعظم اور حکومت کی معاشی ٹیم کو کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیر اعظم کو ٹیکس ریفنڈز، صنعتوں کو گیس اور بجلی کی فراہمی، بیمار صنعتوں کی بحالی، اسپیشل اکنامک زونز اور برآمدات میں اضافے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وفد کی طرف سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، حلال فوڈ اور دوا سازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کیں کہ اس ضمن میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔وفد میں محمد احمد (اسلام آباد چیمبر)، ملک محمد اشرف (سیالکوٹ چیمبر)، رانا محمد سکندر اعظم (فیصل آبادچیمبر)، میاں عمر سلیم (گجرانوالہ چیمبر)، علی حسین اصغر (لاہور چیمبر)، میر نوید بلوچ (گوادر چیمبر)، شاہد حسین (خیبر پختونخوا چیمبر)، رضوان علی (گلگت بلتستان چیمبر) اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی اور چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے بھی شرکت کی۔

اے پی پی /نیوز ڈیسک /ریحانہ