سال 2020عوام کیلئے ریلیف کا سال ہے: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

137

سیالکوٹ ، 05 جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام اپنی مشکلات کا واحد مداوا  وزیر اعظم عمران خان کو سمجھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا محور ہیں، پاکستان اور وزیراعظم عمران خان لازم و ملزوم ہیں،2020ءعوام کیلئے ریلیف کا سال ہے۔

اتوار کو یہاں  سوئی گیس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر  اپنے خطاب میں  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال حق کیلئے جدوجہد کی، وہ چاہتے ہیں کہ ملک کی بدعنوانی اور بدعنوان عناصر سے جان چھڑائیں تاکہ نئے پاکستان کی تعمیر ہو۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کا روشن اور ترقی یافتہ چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں، وزیر اعظم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا اور خوشحال ہو گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوئی گیس منصوبہ تحریک انصاف حکومت لے کر آئی ہے، یہ عمران خان کا وعدہ تھا کہ وہ حق داروں کو ان کو حق لوٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی، معیاری تعلیم، بنیادی ضروریات اور صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنا، پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایران اور پاکستان پڑوسی اور دوست ملک ہیں، پاکستان کا ایران سے مذہب، ثقافت، تہذیب و تمدن کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ وزیراعظم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی، وزیر اعظم تمام مسائل کا حل  مذاکرات سے چاہتے ہیں ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق ارادیت کا وعدہ کیا تھا،کشمیری 71 سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے کہ وہ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ  کشمیریوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی،کشمیریوں کو ان کا حق دلا کر رہیں گے۔

 وی این ایس، سیالکوٹ

Download Video