پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

223

نیروبی,29 جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں اقوام متحدہ دفتر کی ڈائریکٹر جنرل زینب ہووا بینگورا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر جنرل اقوام متحدہ دفتر نیروبی نے یو این ای پی سمیت اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے ساتھ پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ امن مشنز بالخصوص افریقی ممالک میں کیے گئے امن آپریشنز میں پاکستان کی خدمات کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے نیروبی کیلئے پاکستان کی خدمات کو معاشرتی، عسکری، ماحولیاتی اور اقتصادی پہلووں سے دیکھا جا سکتا ہے۔وزیر خارجہ نے ڈائریکٹر جنرل، اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غیر آئینی اقدامات کی وجہ سے پورے جنوب ایشیائی خطے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کروایا جائے۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور نیروبی میں اقوام متحدہ کے دفتر کے مابین باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے ڈائریکٹر جنرل (یو این او این) کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔اس موقع پر کینیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ثقلین سیدہ اور وزارت خارجہ کے ایڈیشل سیکرٹری برائے افریقہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔

وی این ایس

Download Video