گندم (آٹا) بنیادی ضرورت ہے، اس حوالہ سے عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے : وزیر اعظم عمران خان

246

اسلام آباد, 29 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم (آٹا) بنیادی ضرورت ہے، اس حوالہ سے عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے، ملکی ضروریات کے مطابق گندم پوری کرنے کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وہ بدھ کو ملک میں گندم کی صورتحال، ملکی ضروریات، موجود سٹاک اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ توانائی عمر ایوب، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی نے اجلاس کو گندم کے حوالے سے مجموعی صورتحال، گذشتہ سالوں میں گندم کی پیداوار، ملکی کھپت، ماضی میں گندم کی برآمد و درآمد اور موجودہ صورتحال، گندم اور آٹے کے حوالے سے حالیہ دنوں میں پیش آنے والے حالات اور ان کی وجوہات پر بھی بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقتصادی رابطہ کمیٹی گندم کی درآمد کی اجازت دے چکی ہے، اس درآمد پر کوئی ٹیکس نہیں ہو گا۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں فصلوں/اجناس کی پیداوار کے اعداد و شمار مرتب کرنے کے نظام (کراپ رپورٹنگ سسٹم) کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار کے بارے میں درست ڈیٹا بروقت میسر آئے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ گندم/آٹا بنیادی ضرورت ہے لہٰذا اس حوالہ سے عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہئے، ملکی ضروریات کے مطابق گندم پوری کرنے کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں گندم یا آٹے کی کمی کی شکایت نہ ہو، اس ضمن میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ آنے والے مہینوں میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے اور اس ضمن میں تخمینوں اور طریقہ کار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

وی این ایس اسلام آباد