جدہ، (سعودی عرب)،05جنوری (اے پی پی ):کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی عوام نے حکومت پاکستان کے اعلان پر آج یوم حق خودارادیت اس عزم کیساتھ منایا کہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں بھی یوم حق خودارادیت کشمیر کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں جدہ مکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت او آئی سی میں پاکستان کے نمائندے رضوان الحق نے کی جبکہ قونصل جدہ خالد مجید، کشمیر کمیٹی کے چئیرمین مسعود احمد پوری ، اوؤر سیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سردار اشفاق، نائب قونصل جنرل شائق بھٹو، قونصلر ماجد میمن،قونصلر فوزیہ نے بھی خطاب کیا۔
او آئی سی کے نمائندہ کشمیر امور رضوان الحق نے کشمیر کی موجود سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششو ں اور کشمیر عوام کی جدوجہد کے نتیجے میں آج مسئلہ کشمیر دنیا بھر کی میڈیا کا موضوع بنا ہوا ہے جسے مزید آگے بڑھانے کی ضرور ت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید میڈیا کا استعمال کر کے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے اپنے خطاب میں پاکستان کمیونٹی سے درخواست کی کہ اپنی ہر تقریب میں مسئلہ کشمیر کو موضوع بنائیں اور کشمیر یوں کی لازوال جدوجہد کو خراج تحسین پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس مسئلے کو دنیا کے ایجنڈے پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ستر سالوں سے عالمی ادارے اپنی قرار دادوں پر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث عمل درآمد کرنے سے قاصرہیں، او آئی سی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے عالمی رائے ہموار کرنے میں اہم کردار اداکررہا ہے۔
سورس: وی این ایس، جدہ (سعودی عرب)