افغانستان میں امن و امان میں بہتری سے تعمیر نو اور بحالی کے کام میں مدد ملے گی : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ  انتونیوگوتریس

135

اسلام آباد ، 17 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان نے40 سال سے افغان مہاجرین کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں، پاکستان اور ایران دنیا بھر میں مہاجرین کے بڑے میزبان ممالک ہیں  جبکہ  پاکستان دنیا میں مہاجرین کا دوسرا بڑا میزبان ملک ہے۔ افغان مہاجرین کی میزبانی کی کہانی 40 سال طویل ہے جو یکجہتی، برادرانہ تعلقات اور قربانی کے جذبوں پر مبنی ہے، اقوام متحدہ کے مہاجرین کنونشن سے کئی سو سال پہلے قرآن پاک میں برابری کی بات کی گئی تھی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان میں 40 سال سے مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان، مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر فلپو گرینڈی سمیت اہم ملکی اور عالمی شخصیات بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام40 سال سے مسائل میں ہیں اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ مسلسل یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام بھی پناہ تلاش کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کا درس دیتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا  کہ عالمی برادری افغان عوام کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا کردار اد اکرے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی اور بحالی کے لئے یو این ایچ سی آر کام کررہا ہے جس کے لئے زیادہ وسائل کی ضرورت ہے تاکہ مہاجرین کو واپسی پر بحالی کے لئے مدد دی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن و امان میں بہتری سے تعمیر نو اور بحالی کے کام میں مدد ملے گی اور پناہ گزینوں کی آبادکاری بھی بہتر ہوگی جو پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے بین الاقوامی برادری اس حوالے سے عمل کرے اور انتظامات میں شراکت داری کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس کے انعقاد اور اس میں شریک تمام وفود کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر مربوط شراکت داری کرنی ہوگی۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video