برطانیہ:جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے مانچسٹر سے “ہفتہ یکجہتی کشمیر” کی تقریبات کا آغاز کر دیا

229

مانچسٹر(برطانیہ)،2فروری(اے  پی پی ):جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ کے شہرآسٹن انڈر لائن مانچسٹر سے “ہفتہ یکجہتی کشمیر” کی تقریبات کا آغاز کر دیا۔ہفتہ یکجہتی کشمیر کی افتتاحی تقریب شیڈو سیکرٹری برائے تعلیم اور لیبر پارٹی میں ڈپٹی قائد کی امیدوار آرٹی انجیلا رینر  ایم پی(Rt Hon Angela Rayner MP)مہمان خصوصی تھیں۔

تقریب وومین کیمونٹی گروپ کی چیئر پرسن نائلہ شریف  اور اُن کی ٹیم کے تعاون سے منعقد کی گئی جس کی صدارت تحریک حق خودارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔

ہفتہ یکجہتی کشمیر کی اس افتتاحی تقریب میں شیڈو سیکرٹری برائے مواصلات اور لیبر پارٹی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ  کے چیئرمین ایم پی اینڈر یوگوئن(Andrew Gwynne MP)،شیڈو سیکرٹری خزانہ ایم پی جوناتھن رینالرڈز(Jonathan Reynolds MP)،سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ فیصل رشید، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان،آزادکشمیرحکومت کے سابق مشیر راجہ شوکت خالق،تحریک کے سرپرست سردار عبد الرحمن خان، امجد حسین مغل، نائنا علی، تحریک حق خوارادیت کے یوتھ ونگ کے چیئرمین ذیشان عارف، مقامی کونسلرز، کمیونٹی قائدین اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔

تحریک کے چیئر مین راجہ نجابت حسین نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے بنیادی حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لیبر پارٹی میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے ممبران پارلیمنٹ نے موثر انداز میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو اجاگر کرنے میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ”ہفتہ یکجہتی کشمیر”کا بنیادی مقصد ہندوستانی جارحیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر پر اُس کے غاصبانہ قبضے کو عالمی اداروں میں اٹھانے کے لئے لابی کے کام کو منظم کرنا ہے اور اس مقصد کی خاطر تحریک حق خودارادیت کی ٹیم برطانیہ اور یورپ بھر میں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔

راجہ نجابت نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی جدو جہد اپنے اُس بنیادی حق کے لئے ہے جسے عالمی قوتوں نے اقوام متحدہ کے فورم پر تسلیم کر رکھا ہے لیکن ہندوستان ان قراردادوں پر عملدرامد کے راستے میں نہ صرف رکاوٹ بنا ہوا ہے بلکہ اس نے دس لاکھ سے زائد اپنی افواج کے ذریعے کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ا ور کشمیریوں پر جبر و ظلم کی تمام حدیں پار چکا ہے جو انسانی حقوق کی علمبردار قوتوں کے لئے ایک چیلنج ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیڈو سیکرٹری برائے تعلیم اور لیبر پارٹی میں ڈپٹی قائد کی امیدوار آرٹی انجیلا رینر ایم پی(Rt Hon Angela Rayner MP)، تقریب میں شریک لیبر پارٹی کے ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری کیمونٹی اور باالخصوص تحریک حق خوارادیت کی ٹیم کو یقین دلایا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور اس مقصد کے لئے اپنی پارٹی اور برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

وی  این ایس،  اسلام آباد

Download Video