ترک وزیر خارجہ کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات

129

اسلام آباد، 14 فروری (اے پی پی ): ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے اسلام آباد میں جاری اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات کی ۔دوران ملاقات پاک ترکی دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور ،ایچ ایل ایس سی سی(HLSCC) میکنزم اور باہمی دلچسپی کے متعدد پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حمایت، نہتے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا موجب ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ افغان امن عمل اور وسطی ایشیا میں کشیدگی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی کسی بھی فریق کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتی -دونوں وزرائے خارجہ نے، معاملات کے پرامن حل کیلئے، سفارتی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے، فریقین کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو ترک صدر کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے ہیں۔

سورس؛وی این ایس ، اسلام آباد