قومی اسمبلی اجلاس 

158

اسلام آباد، فروری 10( اےپی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔

اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو آگاہ کیا گیا کو کہ محکمہ ڈاک رواں سال دسمبر تک ملک کا سب سے بڑا بنکنگ نیٹ ورک بن جائیگا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ محکمہ ڈاک کا نیٹ ورک بائیومیٹرک تصدیق کیلئے نادرا کے پندرہ ہزار کیوسک کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے اور یہ ترسیلات زر، احساس پروگرام کی ادائیگیوں اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی میں مددگارہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں محکمہ ڈاک ہوم ڈیلیوری سروس متعارف کرائے گا اور ایک لاکھ 25ہزار فرانچائز دفاتر دو برس میں قائم کئے جائیںگے جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی نجی کورئیر کمپنی محکمہ ڈاک کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے لیکن اس ضمن میں ایک بل سینٹ میں منظور اور قومی اسمبلی میں پیش کرایا گیا ہے تاکہ ان اداروں کو قومی دھارے میں لایا جاسکے۔

پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم جموں وکشمیر کے نصب العین کے حوالے سے پاکستان انتہائی سرگرم ہے اور اس کی حمایت کیلئے آواز اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر اجاگر کیا گیا ور تنظیم کے تمام اراکین بھارت کے 5اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے تناظر میں پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

عندلیب عباس نے کہا کہ انسانی تناظر میں پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔

ایوان نے بالترتیب پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس 2019 اور میڈیکل ٹربیونل آرڈیننس 2019 میں رواں ماہ کی 16تاریخ سے مزید 120 دنوں کی توسیع کیلئے دو قراردادیں منظور کیں۔

یہ قراردادیں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کیں۔

وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے 10 ہزار 8 سو ستر آسامیوں کا اعلان کیا ہے۔

ایک توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ٹیسٹ اور انٹرویو کا عمل پہلے ہی پیسکو میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور، کوئٹہ، ملتان اور لاہور کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو مزید دو حصوں میں تقسیم کیا جائیگا تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔ایوان کا اجلاس کل شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video