اسلام آباد ، 26 فروری (اے پی پی ):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤس اینڈ لائبریری کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ہاسٹل سے متعلق اہم انتظامی امور زیرِ غور آنے تھے جو چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی امیر علی احمد سے متعلقہ تھے تاہم چیئرمین سی ڈی اے کی اجلاس سے غیر حاضری کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ قائمہ کمیٹی نے چیئرمین سی ڈی اے کی مسلسل غیر حاضری کا نوٹس لیا۔
سربراہ قائمہ کمیٹی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ممبران قومی اسمبلی خصوصی طور پر پاکستان کے تمام صوبوں سے تشریف لاتے ہیں تاہم اجلاس کے نہ ہونے سے قیمتی وقت اور پیسوں کا ضیاع ہوتا ہے جبکہ چیئرمین سی ڈی اے مسلسل غیر حاضر رہ کر غیر زمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سربراہ قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ لائبریری قاسم خان سوری نے چیئرمین سی ڈی اے کے غیر ذمے دارانہ رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کل صبح وضاحت سمیت پارلیمنٹ ھاؤس میں طلب کر لیا۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے ہاؤس اینڈ لائبریری کے دیگر ممبران قومی اسمبلی عالیہ کامران، منورہ بی بی بلوچ، رومینہ خورشید عالم، مسرت رفیق میسر، نصیبہ چنا اور وجیہہ اکرم شریک ہوئے۔
وی این ایس، اسلام آباد











