مقننہ کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں اسٹریٹجک پلان2019-23   بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے : اسد قیصر

144

اسلام آباد 12فروری :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مقننہ ہی عوام کا نمائندہ ادارہ ہوتی ہے اور اسے ریاست کا پہلا ستون مانا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مقننہ ہی  عوامی امنگوں کے مطابق آئین اور قانون بناتی ہےاور اداروں میں اختیارت کی تقسیم حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنائی گئی پالیسیوں کی نگرانی کرتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار  قومی اسمبلی کے  اسٹریٹجک پلان 2019-2023   کی تقریب  رونمائی سے بدھ کے روز پاکستان انسٹیٹوٹ فار پارلیمنٹری سروسز PIPS اسلام آبادمیں خطاب  کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے اسٹریٹجک پلان 2019-2023کے اغراض ومقاصد پر بات کرتے ہوئے  اس اُمید کا اظہار کیا  کہ اس پلان سے قومی اسمبلی میں  پارلیمانی نگرانی اور قانون سازی کے سلسلے میں اعلیٰ روایات قائم ہونگی اور قومی اسمبلی  کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پلان  کے تحت پارلیمانی نگرانی کو مزید موثربنایا جا سکے گااور معلومات تک شفاف انداز میں ہر شہری کو رسائی حاصل  ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک پلان کا بنیادی مقصد قومی اسمبلی میں انداز حکمرانی اور نظم و ضبط کے بلند ترین معیار ،عوام اور پارلیمنٹ میں قریبی رابطوں کا قیام ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے  نظام کو مزید موثر بنانے پر بھرپورتوجہ دی جارہی ہے اور تمام  امور میرٹ پر سر انجام پا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں کو موثر بنانے کے لیے 93فرینڈ شپ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں اور دنیا بھر میں  پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے نظام میں جدت لائی جارہی ہے تاکہ وہ فعال انداز میں کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ  وہ پورے ہاؤس کے کسٹوین ہیں اور تمام پارلیمانی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر اپنے ملک کے عوام کو ریلیف دینا اور اُن کے مفادات کو تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے اُن کی سربراہی میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو فعال انداز میں اپنا کام سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے اور ان منصوبوں  پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اوران کی موثر نگرانی کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی اسٹریٹجک  پلان مرتب کرنے پر  کنونیئر قومی اسمبلی اسٹریٹجک  پلان عندلیب عباس اور کمیٹی کے دیگر  ممبران کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک پلان کمیٹی میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو  نمائندگی دی گئی اور کمیٹی کے تمام ارکان  نے بھرپور محنت اور خلوص سے اس کام کو سر انجام دیا ۔ انہوں نے  اس پلان کی تیاری میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ  کے عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی سے متعلق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے جس لگن اور محنت سے کام وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کہا کہ  قومی اسمبلی  سیکرٹریٹ اس پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں بھرپور جانفشانی سے  کام کرے گا۔

Download Video