وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ چکدرہ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا

88

پشاور،27 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چکدرہ لوئر دیر کا دورہ کیا   جہاں پر انہوں نے چکدرہ لوئر دیر کے مقام پر نئے تعمیر ہونے والے 6کلومیٹر چکدرہ بائی پاس کا باضابطہ افتتاح کیا، منصوبے پر 450ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبہ دو سالوں میں مکمل کیا جائیگاجس سے دیر پائیں ، دیر بالا ، باجوڑ اور چترال کے تقریباً 33لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر ایک  بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعلیٰ نے کہاکہ ادنیزئی دیر پائیں میں مجوزہ سانام ڈیم کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور اس منصوبے کا افتتاح بھی وہ خود کریں گے ۔ اُنہوں نے چکدرہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو کیٹگری بی کا درجہ دینے جبکہ مذکورہ ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ کی عملے کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے تیمر گرہ میں واکنگ ٹریک کیلئے 5 کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔ انہوں نے گل آباد سربالا روڈ اور چکدرہ بازار کی بیوٹیفکیشن کابھی اعلان کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ دیر بالا میں کیڈٹ کالج کا قیام آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ 40 میگاواٹ کی استعداد رکھنے والی کوٹو ہائیڈل پراجیکٹ کی پیداواری بجلی ویلنگ کے ذریعے مقامی صنعتوں کو فراہم کی جائیگی تاکہ یہا ں پر صنعتی شعبہ تیز تر ترقی کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ چکدرہ تا چترال ایکسپر یس وے کا منصوبہ بھی منظور ہو چکا ہے اور عنقریب وزیراعظم پاکستان عمران خان خود آکر اس میگا پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے ۔

  اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں بہتر کارکردگی اور عوام دوست پالیسیوں کے بدولت خیبرپختونخوا میں مسلسل دوسری بار اقتدار ملنا تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان تحریک انصاف مخالفین کے منفی پروپیگنڈوں سے مرغوب نہیں ہو گی اور 5 سال کیلئے صوبے کے عوام کی خدمت کرے گی۔

 جلسےسے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، ملاکنڈ ریجن پی ٹی آئی کے صدر و ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم خان ، ایم پی اے ہمایون خان ، ایم این ایز بشیر خان اور محبوب شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اے پی پی /صائمہ  حیات/حامد