اسلام آباد,11 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے معاشرے میں انتہا پسندی اور نفرت کے خاتمے کیلئے قابل تقلید اقدامات کیے، بعض عناصر اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا غلط استعمال کر رہے ہیں، ہمیں سوشل میڈیا پر نفرت ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے پھیلاوکو روکنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو تنازعات اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان نے اپنے معاشرے میں انتہا پسندی اور نفرت کے خاتمے کیلئے قابل تقلید اقدامات کیے۔ بعض عناصر اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سوشل میڈیا پر نفرت ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے پھیلاو کو روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن کا داعی رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم مذہب، نسل یا رنگ کی بنیاد پر شہریوں کے حقوق میں تفریق پر یقین نہیں رکھتے۔ پاکستان نے دہشتگردوں کے منظم نیٹ ورک کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کو امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے والا ملک تصور کرتی ہے۔
وی این ایس اسلام آباد











