اسلام آباد ، 11 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ووہان میں موجود پاکستانی طلباء سے مسلسل رابطہ میں رہیں اور پاکستانی طلباء کے اہل خانہ کو ان کی خیریت سے مسلسل باخبر رکھے۔
منگل کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیزسید ذوالفقار عباس بخاری سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے چین میں موجود پاکستانیوں خصوصاً ووہان میں موجود پاکستانی طلبا کی تمام تفصیلات اور موجودہ صورتحال دریافت کی، وزیرِ اعظم نے پاکستانی طلبا کی صحت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ لی۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور وائرس سے بچاؤ کے لئے ملک میں اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بارے میں وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی۔
ملاقات میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔
وی این ایس ، اسلام آباد











