پاکستان لامحدود مواقع کی سرزمین ہے، مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں: وزیراعظم عمران خان

148

اسلام آباد ، 12 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے کوکا کولا آئیسک پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرساد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمپنی کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کوکاکولا کمپنی کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے گی جبکہ حکومتی کاوشوں سے پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش منزل بن گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان لامحدود مواقع کی سرزمین ہے اور یہاں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترک صدر کا دورہ موجودہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ جنرل منیجر کوکاکولا احمد کرساد نے وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی سی آئی کے پاکستان میں چھ پلانٹس اور تین ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں جبکہ کمپنی پاکستان میں 20 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی آئی نے کوکا کولا کمپنی کے ساتھ مل کر گزشتہ چند سالوں میں پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ جنرل منیجر سی سی آئی نے موجودہ سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث متعدد ترک کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video