پی این سی میں ایرانی فلم کی نمائش

1321

اسلام آباد،فروری 7 (اے پی پی): پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ایرانی سفارت خانے کے تعاون سے ایرانی سینما کے 40 سال کے حوالے سے آج فارسی فلم ”ڈمسکس“ دکھائی گئی۔

معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان اور ایران کےعوام کےمابین احساس اور درد کا رشتہ ہے،دنیا نےایران کے مثبت تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن ایرانی قوم محنتی اوراپنے ملک سے وفادار ہے۔

اپنی مذہبی اور معاشرتی شناخت کے تحفظ کیلئےایران کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور ہمیں ایران سے  بہت سے شعبوں میں استفادہ کی ضرورت ہے، زندہ قومیں معاشی مفادات پر اخلاقی روایات کو ترجیح دیتی ہے،ایرانی قوم مشکل حالات میں بھی نظریات پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔

انھوں نے کہا کہ ایران نے40سال تک معاشی پابندیوں کا بہادری سے سامنا کیا،دنیا میں ایران کی پسماندہ روایات کا بے بنیاد پراپیگنڈا کیا گیا، ایران میں خواتین کو مکمل حقوق اور سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور

ایرانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ایرانی فلمیں اسلامی ہیروز کی زندگی کی صحیح معنوں میں عکاس ہیں،ایران نے اپنی فلم میں دوسروں کی بجائے اپنے اور اسلامی کلچر کو فروغ دیا،

ایرانی سینما سے پاکستانی قوم کو روشناس کرائیں گے،ایران اور پاکستان کے باہمی تعاون سےفلمیں بنائی جائیں گی۔ ویران سینما کو پھر سے آباد کرنا ہے،قوم کواسلامی تاریخ اور نظریات سے متعارف کرانا ہے،اسلامی تاریخ ، نظریات اور کلچرپر بنائی گئی فلموں کا اردو میں ترجمہ کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں ایرانی فلمیں پاکستانی سینما کی زینت بنیں گی۔

فلم کی کہانی میں شام اور عراق میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی عکس بندی کی گئی اور اسکو روکنے والی کاوشوں اور رکاوٹوں کے بارے میں دکھایا گیا۔

سورس: وی این ایس اسلام آباد