اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اس منصوبہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبے، صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کے چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی بطور چیئرمین سی پیک اتھارٹی تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا شمار پاک آرمی کے انتہائی باصلاحیت فرض شناس اور محنتی افسران میں ہوتا ہے اور ان کی سربراہی میں سی پیک اتھارٹی ایک منظم اور موؤثر ادارہ بن کر ابھر ے گی اور سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کویقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بطور کور کماندڑ سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بطور کورکمانڈر سدرن کمانڈ نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر بھرپورتوجہ اور اہم کردار اداکیا۔ چیئرمین لیفٹیننٹ سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ڈپٹی سپیکر کو ملک بھر میں خصوصاً بلوچستان میں چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ژوب سے کوئٹہ تک دو رویہ شاہراہ سمیت متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہارکیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغازہو گا۔ انہوں نے سی پیک کے تحت بنائے جانے والے ریلوے کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سی پیک تحت ایم ایل ون کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے، تھر سے چھور اور کراچی سے حب تک ریلوے لائنز بچھانے کے منصوبے شامل ہیں جن پر جلد کام کا ااغازکر دیا جائے گا۔ ڈپٹی سپیکراور چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کوئٹہ میں شاہراہ اقبال پر ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجہ میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ چیئرمین سی پیک جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ڈپٹی سپیکر کو بتایا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کےلئے سیف سٹی منصوبہ قائم کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کے ڈیزائن کی منظوری دی جا چکی ہے اور بہت جلد اس پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
وی این ایس، اسلام آباد











