قومی ایمیچیور گالف چیمپئن شپ  12  مارچ  سے  اسلام آباد میں  ہو گی ، سری لنکن ٹیم شرکت کیلئے  پاکستا ن پہنچ گئی

1349

  اسلام آباد ، 10 مارچ (اے پی پی ): 59 ویں   قومی ایمیچیور گالف چیمپئن شپ  12 سے 15 مارچ تک اسلام آباد کلب گالف کورس میں منعقد ہوگی۔ سری لنکن ٹیم” جے وردھنے ٹرافی ” میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئی  ہے، ٹورنامنٹ میں سری لنکن ٹیم انفرادی کیٹیگری  میں بھی حصہ لے گی۔

جوائنٹ سیکرٹری پاکستان گالف فیڈریشن علی حیدر نے منگل کو  یہاں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ   ” جے وردھنے ٹرافی ” کا ایونٹ  ایک دن کا ہوگا  جس میں 18 ہولز  شامل   ہیں ، اسکے علاوہ انٹر ایسوسی ایشن ایونٹ میں پانچ ایسوسی ایشن حصہ لے رہی ہیں جس میں بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا    اور فیڈرل ایسوسی ایشن شامل ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ گالف چیمپین شپ پاکستان گالف فیڈریشن اور اسلام آباد کلب گالف کورس کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔ ایمیچیور کیٹگری میں 100 مرد، جبکہ سینئر ایمیچیور کیٹگری میں 50 مرد حصّہ لے رہے ہیں۔لیڈیز ایمیچیور کیٹگری میں 25 خواتین  بھی حصہ لیں گی۔

علی حیدر کا کہنا تھا کہ ملیشیاء کے ساتھ کوچنگ کا معاہدہ طے کررہے ہیں، پہلے مرحلے میں لیول ون کی کوچنگ زیرِ غور ہے۔اسکے علاوہ سندھ اور فیڈرل ایسوسی ایشن نے جونئیر کوچنگ ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔

پریس کانفرنس میں پاکستان گالف فیڈریشن اور جیم گالفر کے ساتھ   ایک معاہدے  پر دستخط بھی ہوئے جس  کے تحت   جیم گالفر کی جانب سے “جیم گالفر” اپلیکیشن لانچ کی جائیگی جس میں گالف سے متعلق  لائیو سکورنگ، لائیو لیڈر بورڈ  اور  ٹورنامنٹس ریکارڈ دیکھے جا سکیں گے  ۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video