بچے ہمارا مستقبل ہیں ،چائلڈ ایمرجنسی وارڈ کا قیام بچوں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کی جانب موجودہ حکومت کا اہم اقدام ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

115

کوئٹہ 05مارچ (اے پی پی): سول ہسپتال کوئٹہ چائلڈ ایمرجنسی وارڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کی بہتر صحت اور نگہداشت والدین کے ساتھ ساتھ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے، نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے چائلڈلائف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے چائلڈ ایمرجنسی وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو بچوں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کی جانب موجودہ حکومت کا اہم اقدام ہے۔چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ایمرجنسی وارڈ میں فراہم کی جانے والی علاج کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کوئٹہ میں قائم کیا گیا چائلڈ ایمرجنسی وارڈ فاؤنڈیشن کے تحت قائم کیا جانے والا دسواں وارڈ ہے، اس سے قبل فاؤنڈیشن نے حکومت سندھ کے تعاون سے کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ایسے 9وارڈ قائم کئے ہیں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وارڈ کے لئے ڈاکٹروں، فارماسیسٹ، نرسوں اور دیگر طبی اسٹاف پر مشتمل ایک سو افراد کا عملہ بھرتی کیا گیا ہے جنہیں کراچی میں تین ماہ کی ٹریننگ دی گئی ہے، وارڈ کی ایمرجنسی 24گھنٹے کھلی رہے گی اور نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ وارڈ میں ایس ایم ایس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعہ زیرعلاج بچوں کے والدین سے علاج کے معیار اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کے رسپانس اور رویہ سے متعلق رائے حاصل کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت،صوبائی وزراءنے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، کوئٹہ