خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: فردوس عاشق اعوان

148

اسلام آباد، 06 مارچ ( اےپی پی): اطلاعات و نشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سطح سے متعلقہ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ایک نظام وضع کیا گیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور حکومت ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ریاست مدینہ کے اساس کو مضبوط  نہیں بنایا جا سکتا.

اسلام ہمارے لیے چادر و چاردیواری کے اصول واضح کر چکا ہے۔اسلام سے پہلے عرب معاشرے میں خواتین کے کوئی حقوق نہیں تھے۔موجودہ حکومت خواتین کو معاشی حوالے سے بااختیار بنانے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ لیکن بعض خواتین ’’ویمن رائٹس‘‘کے نام پر قابل اعتراض سلوگنز اجاگر کر رہی ہیں۔ ہمیں اپنے مذہبی، معاشرتی حدود میں رہتے ہوئے اپنے حق کیلئے بات کرنی چاہیے۔عورت مارچ قابل اعتراض سلوگنز کے بغیر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسلام نے بحیثیت ماں ، بہن ،بیٹی اور بیوی کے طور پر خواتین کو جامع حقوق دیئے ہیں۔خواتین کو بااختیار بنانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ خواتین کے وراثتی حق کیلئے قانون سازی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام میں خواتین کا کلیدی کردار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب زدگان افراد معاشرے کو بہتر بنانے کا درس دے رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی پرانے سیاسی ماڈل کی ناکامی کا خود اعتراف کر چکے ہیں۔ ایم کیوایم نے ن لیگ کے بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ شریف فیملی تین ماہ میں لندن میں نواز شریف کے علاج کیلئے ہسپتال کا تعین نہیں کر سکی۔

اےپی پی/ناہید/فاروق