پشاور،27مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آئے صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے صوبائی کابینہ نے صوبے بھر میں ہنگامی بنیادوں پر 500 ریپیڈ ریسپانس ٹیمیں بنانے کی منظوری دے دی جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر اُنہیں امداد فراہم کریں گے ۔ کابینہ نے ہیلتھ ورکرز کے بیک اپ کیلئے ریٹائر افراد، طلباءاور دیگر پیشہ وار افراد کو یومیہ اُجرت کی بنیاد پر بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی ۔
کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ کابینہ نے تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات کی بندش میں توسیع کی بھی منظوری دے دی جس کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے ۔ سرکاری ونجی تقریبات اور شادی بیاہ وغیر ہ پر30 اپریل تک پابندی ہو گی ۔ماسوائے ضروری محکموں کے سرکاری دفاتر میں عام تعطیل میں5 اپریل تک توسیع کر دی گئی ۔ عرس ، میلوں اور منڈیوں پر 30 اپریل تک پابندی ہو گی ۔ ضروری نوعیت کی بھرتیوں کے علاوہ عام بھرتیوں کیلئے ٹیسٹ انٹرویوز 31 مئی تک معطل ہوں گے ۔ مارکیٹوں کی بندش میں 10 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے تاہم کوریئر سروسز اور منی ٹرانسفرسروسز اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ چند ضروری استثنیٰ کے ساتھ انٹرا اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ 5 اپریل تک معطل رہے گی ۔تمام تدریسی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور ڈینٹل سروسز کو ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے کی بھی منظوری دے دی گئی ۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ جیلوں میں قید اُن خواتین ،بچوں اور بوڑھوں جو ضمانت کی رقم ادا نہ کرنے کی وجہ سے رہا نہیں ہو پارہے اُن کی ضمانت کی رقم صوبائی حکومت ادا کرے گی ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کابینہ کے پچھلے اجلاس میں سماجی رابطوںاور عوامی میل جول کو کم سے کم کرنے کیلئے جو فیصلے کئے گئے تھے اُن پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے اس وباءکے پھیلاﺅ کو خاطر خواہ حد تک کنٹرول کیا گیا ہے ۔ اجمل وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں روزمرہ ضرورت کی اشیاءتیار کرنے والے اُن صنعتوں کو کھلا رہنے کی اجازت ہو گی جو حکومت کی طرف سے جاری کر دہ احکامات اور گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہیں۔ کابینہ نے قرنطینہ مراکز کے قیام کیلئے 4 ارب روپے مختص کرنے اور فی الوقت ایک ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ۔ اسی طرح کابینہ نے 4 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم کی خریداری کیلئے 17.5 ارب روپے کی بھی منظوری دے دی ۔ کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات اور دن رات کوششیں کرنے پر تمام محکموں اور انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی ۔
اے پی پی /صائمہ حیات/حامد