وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

91

اسلام آباد ، 27 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں   کمیٹی  کی سرکلر ڈیبٹ کی رپورٹنگ میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے نیپرا کو اقدامات کی ہدایت  سمیت  پاکستان میں انرجی مارکیٹ میں اصلاحات کیلئے پاور ڈویژن کی کارگردگی رپورٹ پیش کی گئی ۔

وفاقی وزیر اسد عمر   نے توانائی مارکیٹ میں اصلاحات کا عمل وقت پر مکمل کرنے  کی ہدایت کی ۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ نئے مسابقتی مارکیٹ نظام کی تشکیل میں انڈسٹری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے، نئے مسابقتی مارکیٹ نظام کے حوالے سے متعلقہ ادارے باقاعدگی سے کارگردگی رپورٹ کابینہ کمیٹی کو پیش کریں۔

وزارت پیٹرولیم کی جانب سے  اجلاس کو کورونا وائرس کے پیٹرول کی طلب پر اثرات بارے بریفنگ دی گئی  ، بریفنگ میں  بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیٹرول کی طلب میں 40 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی طلب میں 50 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی۔وزارت پیٹرولیم نے پیٹرول مصنوعات سے متعلق وزارت کے اقدامات سے متعلق  بھی کمیٹی  کو   آگاہ کیا ۔اسکے علاوہ   کابینہ کمیٹی نے متعلقہ وزارت کو ملکی سٹوریج صلاحیت بڑھانے کی بھی  ہدایت کی ۔

اے پی پی /سعیدہ /قرۃالعین