پشاور،29مارچ(اے پی پی):کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قائم کیے گئے کرونا فنڈ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے گریڈ 1 سے
21 تک کے ملازمین نے اپنی پانچ دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان سپیکر ہاؤس خیبر پختونخوا سے جاری کردہ ایک وڈیو پیغام میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کیا۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو مل کر اس وباء سے ایک ہو کر لڑنا ہوگا، اسلئے تمام صاحب استطاعت افراد سے گزارش کرتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں مستحق اور غریب لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے کہا کہ محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122، ریلیف اور دیگر تمام اداروں کے ملازمین کو سلام پیش کرتا ہوں جو اس مشکل گھڑی میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی پاکستانی میڈیا رپورٹرز اور دیگر صحافیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو اس مشکل گھڑی میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے مثبت رپورٹنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
مشتاق احمد غنی نے اپنے پیغام میں عوام سے گزارش کی کہ سماجی اجتماع سے پرہیز کریں تاکہ اس وباء پر قابو پایا جاسکے۔
اے پی پی/ صائمہ حیات/حامد











