پشاور، 8 مارچ(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح ریسکیو1122 میں بھی باہمت خواتین، مرد ریسکیو اہلکاروں کے شانہ بہ شانہ خدمات فراہم کررہی ہیں اور ایمرجنسی سروس میں مختلف شعبوں میں تعینات ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، انہوں نے کہا کہ خواتین کو اسلام نے تمام وہ حقوق دئیے ہیں جو دوسرے کسی مذہب میں خواتین کو حاصل نہیں اور پھر پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں کی خواتین کو مذہبی دائرے کے اندر تمام برابری کے حقوق حاصل ہیں اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے ساتھ کام کرکے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا تھا کہ خدمت سے سرشار خواتین اہلکار ہزاروں ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کر چکی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایمرجنسی سروس میں بڑی تعداد میں خواتین بھرتی کی جارہی ہیں جو اپنے فرائض عبادت سمجھ کر ادا کررہی ہیں۔
وی این ایس ،پشاور











