اسلام آباد،29مارچ(اے پی پی ): قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بروقت اقدامات کے ذریعے کرونا کی وباءکو پھیلنے سے روکنے پر آزادکشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ذمہ داران سے وڈیو لنک پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ذمہ داران اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،انہوں نے مختصر وقت اور وسائل کی کمی کے باوجود بروقت اقدامات اٹھائے اور عوام کے مفاد کی خاطر بلاتاخیر ضروری اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس وقت پورے ملک اور قوم کو ایک مشکل ترین چیلنج کا سامنا ہے،قوموں پر مشکلات اور چیلنج آنا کوئی انوکھی بات نہیں ہے ،اللہ تعالی کی مدد، درست حکمت عملی، بروقت فیصلوں اور جراتمندانہ اقدامات سے چیلنج پر قابو پایا جاتا ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ چین کی جانب سے وینٹیلیٹرز، ٹیسٹنگ کٹس، ماسک اور دیگر سامان کی فراہمی پر چین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،چین نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا مخلص اور ہمدرد دوست ہے ، اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کی مدد پر آئرن برادر چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات بھی اس قومی خدمت کے عمل میں شریک ہوں ،مصیبت کی اس گھڑی میں کمزور بھائیوں، بہنوں کا ساتھ دینا ہے، ان کی مدد یقینی بنانا ہے۔ انشاءاللہ۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہم اس مشکل مرحلے سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔
اے پی پی /صائمہ/حامد











