ملتان؛صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفدکی ملاقات

156

ملتان،29 مارچ(اے پی پی ):صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے  اتوار  کو یہاں ملاقات کی،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت ڈاکٹر مسعود ہراج کر رہے تھے۔

وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے اس موقع پر  کہا کہ ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کے جذبے کا دوسرا نام ہے۔ڈاکٹرز کو معاشرے میں انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،کورونا وائرس کے شکار مریضوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں،صوبائی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے سپاہیوں کو بغیر ہتھیار کے محاذ جنگ پہ نہیں بھیجتی،کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے لیکر سوئیپر تک کو حفاظتی کٹ فراہم کی جائے گی۔

ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان کے پاس پروفیشنل ڈاکٹرز موجود ہیں،انشاء اللہ ملک سے کورونا وائرس کا جلد خاتمہ ہو گا۔

 ڈاکٹر مسعود ہراج نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں،کورونا وائرس ایک قومی مسئلہ ہے،ڈاکٹر اس وباء سے نمٹنے کے لیے کمر بستہ ہیں جبکہ ڈاکٹرز کو پی پی ایز کی فراہمی حکومت کا فرض ہے، ڈاکٹر مسعود ہراج نے کہا کہ پی ایم اے ہڑتال کی آڑمیں ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور آوٹ ڈور کی بندش کی حمایت کسی صورت نہیں کرے گی،حکومت سے مطالبات منوانے کیلئے عوام کو سزا دینا ایک غیر اخلاقی اقدام سمجھتے ہیں، پی ایم اے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے ڈاکٹر کے پیشے پر حرف آئے۔

اے پی پی /ملتان/حامد