قومی اسمبلی اجلاس

145

اسلام آباد ،مارچ  13 ( اےپی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے اس حوالے سے قومی اسمبلی میں ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ حکومت چوکس ہے اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے مناسب اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر تقریباً دس لاکھ افراد کی سکریننگ کی گئی جبکہ مختلف ہسپتالوں میں اس مرض کی تشخیص کے آلات فراہم کردئیے گئے ہیں۔اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے معاملے کو سنجیدہ لے اور اس وباء سے نمٹنے کی جامع حکمت عملی وضع کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرے۔پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کوروناوائرس کی وباء کے تناظر میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ کا اعلان کرے۔صحت کی پارلیمانی سیکرٹری نوشین حامد نے کوروناوائرس کے تدارک کے حوالے سے حکومت کے مختلف اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ اس عالمی وباء کے خلاف لائحہ عمل کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کا اجلاس باقاعدگی سے ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز قائم کئے گئے ہیں۔ہوا بازی ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری جمیل احمد خان نے ایوان کو بتایا کہ پی آئی اے نے اس اتوار کو سعودی عرب سے پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کیلئے ایک پرواز کی آمدورفت کے اوقات دوبارہ طے کئے ہیں۔ایوان کا اجلاس اب غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاگیا ہے۔

اےپی پی/صائمہ/فاروق