اسلام آباد، 8 اکتوبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری تجارت جواد پال اور وزارت تجارت کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران آئندہ ٹریڈ ڈائیلاگ میں عملی نتائج کے حصول، طویل المدتی سرمایہ کاری شراکت داری کے فریم ورک اور صحت، آئی ٹی، زراعت، لائیو اسٹاک، مالیاتی خدمات اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے لائیو اسٹاک کے شعبے میں برطانوی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائیو اسٹاک کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور گوشت کی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور عالمی سطح پر پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کیلئے عالمی فوڈ سیفٹی اور ریگولیٹری معیارات کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے پنک سالٹ، زیتون کے تیل، فوڈ مصنوعات، ٹیکسٹائل اور سرجیکل آلات کی عالمی مارکیٹنگ اور پاکستانی فوڈ و ریسٹورنٹ برانڈز کی برطانیہ میں توسیع کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں ٹیرف ریشنلائزیشن، مسابقت، خام مال تک رسائی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ جام کمال خان نے کہا کہ تجارتی سہولیات میں بہتری سے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
فریقین نے اسلامی مالیات اور برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن سے مالی روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا۔ معدنیات کے شعبے میں تکنیکی مہارت، پیشہ ورانہ ایکسپلوریشن اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ جبکہ برطانوی کمپنیوں کی پاکستان کی مجوزہ منرلز کانفرنس میں شرکت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافتی تعاون کو اجاگر کرنے کیلئے سال 2027 کو بھرپور انداز میں استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔











