کوئٹہ، 31 مارچ(اے پی پی ):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہیں کہ کروناوائرس کے مسئلہ پر سیاست نہ کرنا خوش آئند بات ہے، قومی معاملات پر متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے یہ دور تنقید کرنے کا نہیں ہے بلکہ پوری قوم کو کروناوائرس کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے اپوزیشن لیڈرملک سکندر ایڈوکیٹ و اراکین اسمبلی اختر حسین لانگو نصر اللہ زیرے احمد نواز بلوچ کے ہمراہ پی ڈی ایم اے آفس کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے اراکین اسمبلی سے کروناوائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔اراکین اسمبلی نے وزیر داخلہ کو اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کروناوائرس سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو ریلیف فراہم کرنا ترجیحات کا حصہ ہے جبکہ کروناوائرس سے بچاؤ کےحوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کےلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ اس خطرناک وائرس کی روک تھام ممکن ہو اور ممکنہ نقصانات کم سے کم ہوں۔
اے پی پی /بلال/قرۃالعین











