مزدوروں کو دہلزل پر راشن پہنچایا جائے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری

95

اسلام آباد، 26 مارچ (اے پی پی ): چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کہ سندھ میں یومیہ اجرت کمانے والے پریشان نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر پہنچے اور اسے راشن دے اور گھروں کی دہلیز پر یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن پہنچایا جائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سندھ کے کسی مزدور کے گھر میں فاقے نہیں ہونے چاہئیں۔

 ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے ہیں اور عوام ان سے ہے، ایسے کڑے وقت میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کسی ضرورت مند کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ ہے۔

اس موقع پر  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کیلئے سندھ کے ہر ضلع کے ڈی سی کو پہلے فیز میں دو کروڑ روپوں کے اجراء پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے فیز کے تحت یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن کی تقسیم فی الفور شروع کی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی مدد کیلئے دوسرے فیز پر سندھ حکومت سے  بریفنگ بھی لی۔

 ویڈیو لنک اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے زکوۃ مستحقین کے حوالے سے بھی استفسار کیا جس کے جواب میں سندھ حکومت کے ذمہ داران نے بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ ایک لاکھ زکوۃ مستحقین کو ان کے اکاؤنٹس میں پیسے منتقل کردئیے گئے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر سندھ حکومت کو یومیہ اجرت کمانے والے افراد کے رابطے کے حوالے سے ہیلپ لائن بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں شیری رحمان، نیر بخاری، سید نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے جبکہ تاج حیدر، وقار مہدی، امتیاز شیخ، مرتضی وہاب اور حارث گزدر کے علاوہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے پی پی پی کراچی کے صدر سعید غنی بھی ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔

اے پی پی /سحر/قرۃالعین