وزیراعظم سے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد کی ملاقات ، کورونا وائرس روک تھام کے لئے مالیاتی امور سے متعلق آگاہ کیا

124

اسلام آباد، 27 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی اور وزیراعظم کو کورونا وائرس (کووڈ 19) کی روک تھام کے لئے پاکستان کی استعداد بڑھانے بارے مالیاتی امور سے متعلق آگاہ کیا جس کے تحت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کو آرڈینیشن کی امداد سے ٹیسٹنگ کٹس، وائرل آر این اے ایکسٹریکشن کٹس، موبائل ایکسرے مشینوں، کلینکل آئی سی یو وینٹی لیٹرز، سرنج پمپس، این 95 ماسکس، ٹیوک سوٹ (علاج کے لئے حفاظتی لباس)، تھرمل گنز و سکینرز کی خریداری کے لئے پانچ کروڑ ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔ این ڈی آر ایم ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ اب تک صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں سیلاب سے بچاﺅ کے بنیادی ڈھانچے، خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے پانی کی بچت کے اقدامات، پیشگی خبردار کرنے کے نظام، ہائی سیسمک زونز میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، نقصانات کے تجزیئے، کمیونٹی کی سطح پر خطرات سے نمٹنے کے انتظامات اور ریسکیو 1122 کو مضبوط بنانے جیسے معاملات کے لئے 24 منصوبوں کے لئے 7 کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے فنڈز کی منظوری دی جا چکی ہے۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے کو فوری فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے کردار کو سراہا۔

اے پی پی/ عمار برلاس /حامد