نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کااجلاس،کرونا وائرس سے متعلق نیشنل سیکیورٹی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

176

اسلام آباد ، 14 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کا پہلا اہم اجلاس ہفتہ کو معاون خصوصی ڈاکٹرظفر مرزا کی زیر صدارت وزارت صحت میں منعقد ہوا،ویڈیو لنک پر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے  اجلاس  میں شرکتِ کی جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر  بھی اجلاس میں  شریک تھے۔

اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی  کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور  بتایا گیا کہ صوبوں نے نیشنل سیکیورٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کردیا ہے،تمام تعلیمی ادارے مدارسِ ،یونیورسٹیاں بشمول سٹاف بند کر دیئے گئے ہیں۔کرتار پور سے صرف بھارت سے مسافروں کی سکریننگ کے بعد آنے کی اجازت ہو گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اجلاس کا مقصد کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اور مربوط حکمت عملی اور اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔یہ ایک قومی چیلنج ہے اس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کرونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے ہم سب ملکر موثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،وفاق صوبے اور تمام متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں جبکہ تمام لینڈ کراسنگ دو ہفتے کیلے بند ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت  نے کہاکہ داخلی راستوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جارہا ہے،اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ملکر مضبوط اور موثر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر اور زمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،پاکستان میں ابتک 29 کیس رپورٹ ہوئے ہیں،گلگت بلتستان میں بھی قومی ادارہ صحت کے تعاون سے تشخیص کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔پورے ملک کے ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے بچاوکیلئے علیحدہ روم مختص کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کےلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد ، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال لاہور، پبلک ہیلتھ لیبارٹری لاہور،نشتر میڈیکل کالج، ملتان، پبلک ہیلتھ لیبارٹری، خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور، آغا خان یونیورسٹی ہسپتال، کراچی، ڈاومیڈیکل یونیورسٹی، کراچی، پبلک ہیلتھ لیبارٹری، کوئٹہشامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزارت صحت، وزارتِ انفارمیشن اور آئی ایس پی آر عوام کو آگاہ رکھیں گے،کرونا وائرس کے بارے معلومات کیلئے وزارتِ صحت کی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی آگاہی کیلئے وفاق اور صوبوں کیطرف سے آگاہی مہم جاری ہے، کراچی لاہور اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی سکریننگ کا مربوط نظام موجود ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن معید یوسف، وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر تنویر قریشی، وفاقی سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ ،وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اکبر درانی، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی شریک ہوئے۔

اے پی پی /حمزہ/حامد